صحت عامہ کی بہتری کے لیے اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی

دینہ: مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کرتے ہوئے اربوں روپے خرچ کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔
یہ بات انہوں نے جہلم کی تحصیل دینہ میں رورل ہیلتھ سنٹر (RHC) کے دورے کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور محکمہ صحت کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مشیر صحت نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں سے طبی سہولیات کے حوالے سے براہ راست معلومات حاصل کیں۔ شہریوں کی جانب سے پیش کی گئی شکایات پر انہوں نے فوری احکامات جاری کیے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے مشیر صحت کو آر ایچ سی دینہ میں فراہم کردہ سہولیات، مریضوں کی گنجائش، موجودہ ڈاکٹرز و عملہ اور دستیاب ادویات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ "اگر حکومت پنجاب کی جانب سے اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات میسر نہ آئیں، تو یہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ اور باعث شرمندگی ہے۔”
انہوں نے محکمہ صحت کے افسران، ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے مریضوں کو موقع پر ادویات اور دیگر سہولیات فراہم کریں۔
مشیر صحت نے اس موقع پر زیر تعمیر مریم نواز ہیلتھ کلینک کی عمارت اور وہاں نصب کیے جانے والے طبی آلات کا بھی معائنہ کیا، اور متعلقہ حکام کو منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔



