سوہاوہ: حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق سوہاوہ کی مقامی انتظامیہ نے گراں فروشی اور تجاوزات کے خلاف بھرپور مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ فضائل مدثراور چیف عبداللہ سلام نے انٹی انکروچمنٹ سٹاف کے ہمراہ کھوکھا بازار، سروس روڈ اور دیگر بازاروں سے تجاوز کیا گیا سامان قبضے میں لے کر میونسپل کمیٹی منتقل کر دیا۔
دریں اثنا دونوں افسران نے ریٹ لسٹ بھی چیک کیں اور زائد نرخوں پر سبزی، فروٹ اور اشیائےصرف بیچنے والوں کو بھاری جرمانے کیے جبکہ دیگر پرائس مجسٹریٹس نے بھی سوہاوہ شہر اور نواحی قصبات کے دورے۔ کیے اور گراں فروشوں کو موقع پر جرمانے کیے۔
اسسٹنٹ کمشنر فضائل مدثرنے دوکانداروں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں تجاوز کر کے خریداروں کے راستوں میں رکاوٹیں ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ دوکاندار ریٹ لسٹوں کے مطابق اشیاء فروخت کریں۔
انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانوں کے ساتھ ساتھ جیل کی ہوا بھی کھانی پڑے گی،انتظامیہ نہیں چاہتی کہ سخت قانونی کارروائی کی جائے،اس لیے تمام دوکاندار قانون کی پاسداری کریں۔
