ڈومیلی میں تیز رفتار کوسٹر نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو کچل دیا، خاتون اور کمسن بچی جاں بحق، تین زخمی

سوہاوہ: ڈومیلی میں تیز رفتار کوسٹر نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو کچل دیا، حادثے میں خاتون اور کمسن بچی جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے نواحی علاقے ڈومیلی میں ڈھوک وارث کے مقام پر ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں تیز رفتار کوسٹر نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور کمسن بچی جاں بحق جبکہ ایک خاتون، ایک شخص اور 7 سالہ بچہ زخمی ہو گئے۔

ایک ہی خاندان کے پانچ افراد موٹر سائیکل پر سوار ہو کر ڈھوک سیال میں اپنے عزیز کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد واپس گھر جا رہے تھے کہ ڈھوک وارث کے قریب ڈومیلی سے گتر چوک جانے والی کوسٹر نے ان کی موٹر سائیکل کو شدید ٹکر مار دی۔

حادثے کے نتیجے میں 32 سالہ صباء اور اڑھائی سالہ عبیرہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ 35 سالہ خاتون سمیت 38 سالہ قدیر اور 7 سالہ کاشف زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق زخمی خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں و جاں بحق افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق خاتون اور کمسن بچی کی میتیں جبکہ زخمی شخص اور 7 سالہ بچے کو ابتدائی طبی امداد کے بعد آر ایچ سی ڈومیلی منتقل کر دیا، جبکہ شدید زخمی خاتون کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا۔

حادثے کے بعد کوسٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر تھانہ ڈومیلی پولیس بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور واقعے کی قانونی تفتیش شروع کر دی، جبکہ فرار ہونے والے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔

Exit mobile version