پولیس خدمت مرکز جہلم کی کارروائی، 2020ء سے موٹر سائیکل چوری کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم گرفتار

جہلم: پولیس خدمت مرکز جہلم کے عملے نے پولیس ریکارڈ کی مؤثر جانچ پڑتال کے دوران اہم کارروائی کرتے ہوئے سال 2020ء سے موٹر سائیکل چوری کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق مذکورہ اشتہاری مجرم پولیس خدمت مرکز جہلم پر کریکٹر سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے آیا تھا۔ خدمت مرکز کے عملے نے معمول کے مطابق اس کے کوائف اور پولیس ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی تو معلوم ہوا کہ وہ ضلع اوکاڑہ کے تھانہ دیپالپور سٹی میں درج موٹر سائیکل چوری کے مقدمہ میں سال 2020ء سے پولیس کو مطلوب اشتہاری مجرم ہے۔

ترجمان کے مطابق ریکارڈ کی تصدیق کے بعد خدمت مرکز کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مطلوب شخص کو گرفتار کر لیا، جبکہ مزید قانونی کارروائی کے لیے اسے متعلقہ پولیس کے حوالے کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ پولیس ریکارڈ کی مؤثر جانچ پڑتال اور جدید نظام کے ذریعے جرائم پیشہ اور مطلوب عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز پر شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ریکارڈ کی جانچ پڑتال بھی مؤثر انداز میں یقینی بنائی جا رہی ہے۔

Exit mobile version