شہریوں کو صاف ستھرا، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا کنٹونمنٹ بورڈ جہلم کی اولین ترجیح ہے، اصغر قریشی

جہلم: عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے کنٹونمنٹ بورڈ جہلم نے خصوصی صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا۔ اس سلسلے میں ایگزیکٹو آفیسر کنٹونمنٹ بورڈ سیرت اصغر قریشی نے کینٹ کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔

عیدالاضحیٰ سے ایک روز قبل شروع ہونے والا خصوصی صفائی آپریشن مسلسل چار روز تک جاری رہا، جس کے دوران قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت اٹھا کر محفوظ انداز میں ٹھکانے لگایا گیا۔ آپریشن کے اختتام پر تمام عارضی ٹرانسفر اسٹیشنز کو پانی سے دھو کر چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا تاکہ ماحول کو صاف اور صحت مند رکھا جا سکے۔

عیدالاضحیٰ کے تینوں دن کنٹونمنٹ بورڈ کے سینکڑوں ملازمین اور درجنوں چھوٹی بڑی گاڑیوں نے صفائی مہم میں بھرپور حصہ لیا۔ کنٹونمنٹ بورڈ آفس میں قائم خصوصی کنٹرول روم سے صفائی آپریشن کی مسلسل نگرانی کی جاتی رہی تاکہ شہریوں کو بروقت اور مؤثر خدمات فراہم کی جا سکیں۔

صفائی عملے نے جانفشانی، محنت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور دیگر فضلہ کو بروقت اٹھانے اور تلف کرنے کا عمل مکمل کیا، جس کے باعث کینٹ کے تمام علاقوں میں صفائی کی صورتحال تسلی بخش رہی۔

ایگزیکٹو آفیسر سیرت اصغر قریشی عید کے تینوں روز فیلڈ میں متحرک رہے اور مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی آپریشن کی خود نگرانی کرتے رہے۔ انہوں نے صفائی مہم میں شریک افسران اور ملازمین کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا کنٹونمنٹ بورڈ کی اولین ترجیح ہے اور مستقبل میں بھی عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

شہری حلقوں نے بھی کنٹونمنٹ بورڈ کے صفائی انتظامات کو سراہتے ہوئے عیدالاضحیٰ کے دوران بروقت اور مؤثر صفائی مہم پر اطمینان کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button