مشیر صحت نےجہلم میں قومی پولیو مہم کا افتتاح کر دیا، 2 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر

جہلم: مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سنیہ صافی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر 13 سے 16 اپریل تک جاری رہنے والی چار روزہ قومی پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے مہم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس موذی مرض کا خاتمہ ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔

بریفنگ کے مطابق ضلع جہلم کی 56 یونین کونسلوں میں پانچ سال سے کم عمر 2 لاکھ 28 ہزار 162 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے اور وٹامن اے کیپسول پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے فیلڈ ٹیمیں متحرک ہو چکی ہیں۔

مہم کی کامیابی کے لیے 1,094 فیلڈ ٹیمیں، 74 فکسڈ اور 24 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ ان کی نگرانی 223 ایریا انچارجز اور 56 یونین کونسل انچارجز کریں گے تاکہ مقررہ مدت میں سو فیصد ہدف حاصل کیا جا سکے۔

محکمہ پولیس اور موٹر وے پولیس کی جانب سے فیلڈ ٹیموں کی سکیورٹی اور معاونت کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ مہم کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سنیہ صافی نے ہدایت کی کہ مقررہ ہدف ہر صورت مکمل کیا جائے اور والدین گھر گھر آنے والی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ ضلع کا کوئی بھی بچہ پولیو ویکسینیشن سے محروم نہ رہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button