سوہاوہ: زمین کے تنازع پر بھائی بھائی کا دشمن بن گیا، نواحی علاقہ میں بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی اور بھابھی پر ٹریکٹر چڑھا دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں تھانہ ڈومیلی کے نواحی علاقہ موٹھو موہری میں زمین کے تنازع پر دو بھائیوں کے درمیان جھگڑے کے دوران بڑے بھائی کی جانب سے مبینہ طور پر چھوٹے بھائی اور اس کی اہلیہ پر ٹریکٹر چڑھانے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں خاتون زخمی ہوگئی۔ واقعہ کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق تین بھائی ہیں اور ان تینوں کا راستہ مشترکہ ہے۔ ایک بھائی کی جانب سے مبینہ طور پر راستے پر گیٹ لگا کر دیگر بھائیوں کی آمدورفت روکنے کا معاملہ تنازع کا باعث بنا۔
پولیس کے مطابق گیٹ توڑنے کی کوشش کو روکنے کے دوران خاتون مسلسل مزاحمت کرتی رہی اور اس دوران وہ زخمی ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور اسے طبی معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب واقعہ سے متعلق سامنے آنے والی تفصیلات میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ٹریکٹر کے ذریعے حویلی کا گیٹ توڑنے کی کوشش کے دوران مزاحمت کرنے والی بھابھی ٹریکٹر کی زد میں آگئی، جس سے اس کی ٹانگ پر چوٹ آئی اور فریکچر ہونے کی اطلاع ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ڈومیلی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی خاتون کو طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال سوہاوہ منتقل کیا گیا۔
پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ معاملے کے تمام پہلوؤں سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق تحقیقات اور میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
