جہلم: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جہلم اور دینہ میں ممنوعہ گٹکے کی خرید و فروخت کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 400 سے زائد ساشے برآمد کر لیے۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے مشین محلہ جہلم اور دینہ میں پان شاپس پر چھاپے مارے اور ممنوعہ گٹکا برآمد کرکے تحویل میں لے لیا۔
ترجمان کے مطابق ممنوعہ گٹکا فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں گٹکے کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
فوڈ اتھارٹی حکام نے دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ ممنوعہ اشیاء کی خرید و فروخت سے اجتناب کریں، بصورتِ دیگر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
