دینہ: اسسٹنٹ کمشنر کا رورل ہیلتھ سینٹر دینہ کا تفصیلی معائنہ، فائر سیفٹی کے حوالے سے فرضی مشق کا انعقاد

دینہ: اسسٹنٹ کمشنر دینہ ساجدہ رزاق نے رورل ہیلتھ سینٹر دینہ کا تفصیلی دورہ کیا اور طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، عملے کی حاضری اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران صفائی کی صورتحال تسلی بخش پائی گئی جبکہ ڈاکٹرز اور متعلقہ عملہ اپنی ڈیوٹی پر موجود تھا۔ مجموعی انتظامات بھی مقررہ ضابطہ کار کے مطابق قرار دیے گئے۔

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے طبی مرکز کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور بعض امور کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی اصلاح اور مزید بہتری کے لیے متعلقہ عملے کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر ریسکیو 1122 کی جانب سے فائر سیفٹی کے حوالے سے فرضی مشق کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں آگ لگنے کی صورت میں فوری ردِعمل، حفاظتی اقدامات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے طریقہ کار کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ مشق کا مقصد طبی مرکز کے عملے کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رکھنا اور حفاظتی اقدامات سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر دینہ ساجدہ رزاق نے اس موقع پر صفائی ستھرائی، معیاری طبی سہولیات اور حفاظتی انتظامات کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انہیں صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔

↑
Exit mobile version