جہلم: سوئی گیس، بجلی، پٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشہ ظالمانہ اضافہ، بے رحم حکمرانوں نے غریب عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا۔
حکمرانوں اور صاحب اختیار اپنے کاروباری نفع میں حکومتی ادارے خسارے میں، عوام کی بڑی تعداد ارباب اختیار کو کوسنے لگی ۔ وطن عزیز میں مہنگائی خوفناک صورتحال اختیار کرتی جارہی ہے ،پٹرول بجلی اور سوئی گیس کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کرنے والے حکمرانوں نے زمینی حقائق کو بالکل پس پشت ڈال دیا ہے۔
وسائل سے مالا مال سرکاری ادارے کرپشن اور کرپٹ افسران و اہلکاروں کی وجہ سے تیزی کے ساتھ خسارے میں جا رہے ہیں نا اہل سرکاری افسران و اہلکار اپنے افسران کو باقاعدہ حصہ بقدر جثہ پہنچاتے ہیں جس کیوجہ سے سرکاری ادارے تیزی کے ساتھ تنزلی کی طرف گامزن ہیں ۔ حکمران سرکاری اداروں کا مالی خسارہ پورا کرنے کے لئے عوام پر بوجھ ڈال دیتے ہیں، اس وقت کوئی ایسا سرکاری ادارہ نہیں جہاں کرپشن کا بول بالا نہ ہو۔
سرکاری افسران بھاری معاوضہ ادا کرکے پرکشش سیٹوں پر تعیناتیاں کرواتے ہیں ، اس طرح عوام کی جیبوں کا صفایا کرکے اپنے افسران کی خوشنودی حاصل کرتے ہیں ، ایسے بھی افسران ہیں جنہوں نے اپنے پرائیویٹ کارندے مک مکا کے لئے رکھے ہوئے ہیں جو بڑے ہوٹلوں پر بیٹھ کر معاملات کرتے ہیں اور ماہانہ لاکھوں کروڑوں وصول کررہے ہیں ۔
شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان ، چیف آف آرمی سٹاف سے مطالبہ کیاہے کہ خفیہ اداروں کو اس حوالے سے متحرک کیا جائے اگر فوری نوٹس نہ لیا گیا تو اگلے چند سالوں میں سرکاری اداروں کا نام و نشان ختم ہو جائیگا اور غریب غربت کیوجہ سے زمین میں دھنس جائیں گے۔
