سوہاوہ: قتل یا خودکشی؟ سوہاوہ کے نواحی علاقے ڈومیلی جنگل سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد، لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ڈومیلی کے نواحی علاقے ججیال کے قریب واقع موٹہ پلاہ کے جنگل سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس پر مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی تھانہ ڈومیلی کی پولیس، کرائم سین یونٹ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق لاش دو سے تین روز پرانی معلوم ہوتی ہے، تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔ مقتول کی موت قتل ہے یا خودکشی، اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی رائے قائم نہیں کی جا سکی۔ کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے مختلف شواہد اکھٹے کر لیے ہیں جنہیں فرانزک تجزیے کے لیے بھیجا جائے گا۔
تھانہ ڈومیلی پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے اور شناخت کے لیے قریبی علاقوں میں موجود افراد سے بھی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
علاقہ مکینوں میں اس واقعے کے بعد خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد حقائق منظرعام پر لائے جائیں گے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
