جہلم پولیس کی دو کامیاب کارروائیاں، سوہاوہ اور جہلم سے لاپتہ ہونے والے دو کمسن بچے بحفاظت بازیاب

جہلم: پولیس نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران تھانہ سوہاوہ اور تھانہ صدر کے علاقوں سے لاپتہ ہونے والے دو کمسن بچوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ بچوں کی بحفاظت واپسی پر والدین نے پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے جہلم پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سوہاوہ کے علاقے سے ایک کمسن بچہ لاپتہ ہو گیا تھا، جس کی اطلاع ملتے ہی سوہاوہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے لاہور سے لاپتہ بچے کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔
دوسری کارروائی میں تھانہ صدر کے علاقے سے لاپتہ ہونے والے ایک اور کمسن بچے کو پولیس نے فوری اقدامات کرتے ہوئے قلیل وقت میں تلاش کر لیا اور بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا۔
دونوں بچوں کی بحفاظت بازیابی پر ان کے والدین نے جہلم پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ بچوں کی حفاظت اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ لاپتہ بچوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔



