پنڈدادنخان: بیرسٹر تیمور نواز جٹ نے کہا کہ ملک بھر اور حلقہ پی پی 27کے عوام میاں نواز شریف کی وطن واپسی پر خوش اور پر امید ہیں، ضلعی قیادت کی مشاورت سے مکمل لائحہ عمل ترتیب دیں گے اور سابق وزیراعظم پاکستان کا تاریخی استقبال کیا جائے گا، حلقہ کے عوام کو اندھیروں اور مایوسیوں سے نکالنا نصب العین ہے۔
مسلم لیگی رہنما امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 27بیرسٹر چوہدری تیمور نواز جٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لندن میں ہونے والی ملاقاتوں میں میاں صاحب کی محبت ناقابل فراموش ہے۔ میاں نواز شریف نے پاکستان آمد کے بعد فوری ملاقات کا عندیہ دیاہے۔
امیدوار صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم پاکستان ضلع جہلم کی سیاست پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور آمدہ انتخابات کے لئے ضلع جہلم حلقہ این اے 61اور پی پی 27کے عوام حیران کن نتائج دیں گے۔
بیرسٹر تیمور نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میاں برادرن اور عوام پاکستان کے لئے لازم وملزوم ہیں، لیگی ادوار اقتدار کا موازنہ کسی بھی سیاسی پارٹی کے دور اقتدار سے کیا جائے تو پاکستان کی تعمیروترقی خوشحالی اور عوامی مفادات کے لئے فاعدہ مندوں کی لسٹ میں میاں برادران اول نمبر پر ہوں گے۔
ایک سوال کے جواب میں امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 27بیرسٹرتیمور نواز کا کہنا تھا کہ سیاست میں حرف آخر نہیں ہوتا میرا کوئی بھی فیصلہ میاں برادران اور اعلیٰ قیادت کی مشاورت کا محتاج ہوگا اور ہر لحاظ سے سب سے بڑھ کر حلقہ پی پی 27 کے عوام اور علاقائی تعمیر وترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ بہت جلد ضلع بھر کی مسلم لیگ کی تنظیم کے ساتھ مشاورت کر کے فقید المثال استقبال کا لائحہ عمل تیار کریں گے، مسلم لیگیوں کا اپنے قائد میاں نواز شریف سے محبت کا جوش و جذبہ دیکھ کر عوامی طاقت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ عوام کے اسی جوش و جذبہ اور مسلم لیگ ن سے محبت کی بدولت مسلم لیگ ن بھاری اکثرت سے کامیاب ہوگی اور اپنی روایت کے مطابق ملکی تعمیرو ترقی میں میاں نواز شریف کی قیادت میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
