حکومت پنجاب آئمہ مساجد کی خدمات کے اعتراف کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، میر رضا اوزگن

جہلم: مذہبی طبقات کی معاشی معاونت کے لیے حکومتِ پنجاب کے خصوصی پروگرام کے تحت ضلع کونسل ہال جہلم میں آئمہ مساجد میں پے آرڈرز تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبد السمیع شیخ نے شرکت کی اور تحصیل جہلم کے آئمہ کرام میں پے آرڈرز تقسیم کیے۔ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 1600 سے زائد آئمہ کرام کو یہ اعزازیہ فراہم کیا جا رہا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بتایا کہ تحصیل جہلم کے کل 565 آئمہ مساجد میں سے پہلے مرحلے میں 85 آئمہ کرام کو فی کس 25 ہزار روپے کے پے آرڈرز فراہم کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ آئمہ کرام کو بھی پے آرڈرز کی فراہمی کا عمل انتہائی شفافیت کے ساتھ جلد مکمل کیا جائے تاکہ کسی کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبد السمیع شیخ نے تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ضلع کونسل ہال میں منعقدہ اس تقریب کا مقصد علمائے کرام کی خدمات کا اعتراف اور ان کی حوصلہ افزائی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیٹا کی تصدیق اور ادائیگیوں کے عمل کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور آئمہ کرام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے۔

تقریب کے اختتام پر پے آرڈرز وصول کرنے والے آئمہ کرام نے حکومتی اقدام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزازیہ مذہبی طبقات کے احترام اور ان کی خدمات کی عملی قدر دانی کا مظہر ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button