ہیلمٹ نہ پہننے والوں کی موٹرسائیکلیں بند کرنے کا فیصلہ

جہلم: حکومت پنجاب نے جہلم سمیت صوبہ بھر میں ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
نئی ہدایات کے تحت خلاف ورزی کرنے والے افراد کا نہ صرف چالان کیا جائے گا بلکہ ان کی موٹر سائیکل بھی ایک روز کے لیے بند کر دی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک حادثات میں کمی لانے کے لیے پنجاب بھر میں ہیلمٹ کے استعمال کو لازمی قرار دیتے ہوئے خصوصی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ متعلقہ حکام کے مطابق اب ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے والے افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ کے سو فیصد استعمال کو یقینی بنانے کے لیے آج سے باقاعدہ کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا تاکہ سڑکوں پر محفوظ سفر کو فروغ دیا جا سکے۔
اس کے ساتھ ساتھ پیلی پارکنگ لائن (Yellow Parking Line) کی خلاف ورزی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ ٹریفک حکام کے مطابق گزشتہ ماہ پیلی لائن کی خلاف ورزی پر سینکڑوں موٹر سائیکلیں بند کی گئیں، جبکہ آئندہ بھی اس حوالے سے سخت قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
حکام نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی جانوں کا تحفظ، ٹریفک قوانین کی پاسداری کو فروغ دینا اور سڑکوں پر حادثات کی شرح میں نمایاں کمی لانا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہیلمٹ کے استعمال اور دیگر ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے نہ صرف قانونی کارروائی سے بچیں بلکہ اپنی اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کو بھی یقینی بنائیں۔



