حضورﷺ کا آخر ی نبی ہونا اللّٰہ پاک کے اعزازت میں سے ایک اعزاز ہے، الشیخ ممتاز الحق، سعد قریشی

لندن: ساؤتھ لندن کے علاقے سٹاک ویل میں ختم نبوت سنٹر لندن کے زیر اہتمام نبی کریم ﷺکی زندگی ،ختم نبوت اور اسوۂ حسنہ کے موضوع پر نوجوان نسل کو آگاہی فراہم کرنے کے حوالے سے ایک ورکشاپ کا اہتمام سینٹر کے چیئرمین طہٰ قریشی کی جانب سے کیا گیا جس میں نوجوانوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

ورکشاپ کا مقصد نوجوانوں میں اس بات کی آگاہی کو فراہم کرنا تھا کہ اللہ عزوجل نےحضور نبی کریمﷺ کو بہت سے اعزازات سے نوازا جن میں سے ایک اعزاز آپﷺ کا آخری نبی ہونا بھی ہے، اب آپﷺ کے بعد قیامت تک کوئی نبی پیدا نہیں ہو گا،اسی پر ہر مسلمان کا ایمان ہے۔

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ختم نبوت سنٹر لندن کے سرپرست اعلیٰ برطانیہ کے نامور مذہبی سکالر مولانا الشیخ ممتاز الحق نے نوجوانوں کو ختم نبوت کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ اسلام محبت اور بھائی چارے کا مذہب ہے اور جو راستہ نبی ﷺنے بتایا وہی راستہ اپنا کر ہم ایک سچے اور پکے مسلمان بن سکتے ہیں۔عقیدہ ختم نبوت ہمارے ایمان کی بنیاد ہے کسی بھی شخص اور گروہ کو اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ مسلمانوں کے اس مسلمہ عقیدے میں کوئی تبدیلی کرے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ ختم نبوت کے عقیدے کو خود بھی سمجھیں اور اس کی تبلیغ میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

ورکشاپ کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا جس میں پہلا حصہ ختم نبوت کی تشریح ،دوسرا حصہ جو لوگ ختم نبوت پر یقین نہیں رکھتے ،تیسرا حصہ پانچ فرق جو مسلمانوں اور دیگر مذاہب کے درمیان موجود ہیں جو اسلام کا نام لے کر مسلمانوں کو بدنام کرنے کو کوشش کرتے ہیں،جب کہ چوتھے اور آخری سیشن میں سوالوں اور جوابات کا دور ہوا۔

نوجوان اسپیکر سعد قریشی نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کو بتایا کہ یہ دور گمراہی اور فتنے کا دور ہے ہمیں ان سب باتوں سے دور رہتے ہوئے ختم نبوت کے عقیدے پر قائم رہنا ہے۔

نوجوانوں نے بات چیت کرتے ہوئے سینٹر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسی ورکشاپس اور سیمینارز کا انعقاد ختم نبوت کے عقیدے پر کار بند رہنے کے لئے جاری رہنا چاہئے اور ان کا دائرہ برطانیہ کے دیگر شہروں میں بڑھانے پر بھی زور دیا۔

ورکشاپ کے آخر میں امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق اور یکجہتی کے لئے خصوصی دعا اور لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button