پنجاب بھر میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری ، درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کرنے کا امکان

جہلم: حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں شدید گرمی کی ممکنہ لہر (ہیٹ ویو) کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 22 سے 25 اپریل کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہو سکتا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران دن کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد جبکہ شام کے وقت یہ شرح 25 فیصد تک گر سکتی ہے، جس سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ محسوس ہوگا۔

حکومت کی جانب سے عوام کو سخت گرمی سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور خواتین کو دن کے اوقات میں سورج کی براہِ راست تپش سے بچنے، سایہ دار جگہوں میں رہنے اور ابلے ہوئے یا صاف پانی کے زیادہ استعمال کی تاکید کی گئی ہے تاکہ ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی اور دیگر موسمی بیماریوں سے بچا جا سکے۔

شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دن کے وقت باہر نکلنے سے گریز کریں اور اپنے گھروں یا دفاتر میں ٹھنڈی اور ہوادار جگہوں پر قیام کریں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button