جہلم میں مہنگائی آسمان کو چھونے لگی، مہنگائی میں اضافے سے لوگوں کی برداشت جواب دینے لگی

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں مہنگائی کا طوفان بے قابو ہوگیا ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے، جس سے لوگوں کی برداشت جواب دینے لگی ہے۔ محدود آمدنی والے افراد کے لیے زندگی گزارنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھرمیں خود ساختہ مہنگائی نے پنجے گاڑ رکھے ہیں۔ ہر دکاندارنے اشیاء خوردونوش کے اپنے اپنے نرخ مقرر کرکے فروخت شروع کررکھی ہے،اکثریت کے ساتھ ساتھ ہر دکاندار سرکاری نرخ ناموں سے ہٹ کر گراں فروشی میں ملوث ہے۔
اگر کوئی خریدار ریٹ لسٹ کی بابت دریافت کرے تو اسے اگر مگر، اچھی، نکمی، ایک نمبر اور دو نمبر اشیاء کے نرخوں میں الجھا دیا جاتا ہے جس کے باعث خریداروں اور دکانداروں کے درمیان توں تکرار کے واقعات جنم لے رہے ہیں،نا جائز منافع خور دنیا اور آخرت کے انجام سے ڈر کر حلال کی کمائی کرنے کی بجائے لالچ کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹی میں ایسے افسران کو شامل کیا جائے جو بے رحمانہ انداز میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف گھیرا تنگ کریں اور بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ سخت قانونی کارروائیاں کی جائیں تاکہ شہر سمیت ضلع بھر میں نافذ جنگل کے قانون کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔



