رمضان میں مہنگائی بے قابو، گراں فروش دیدہ دلیری سے من مانی قیمتیں وصول کرنے لگے

جہلم: حکومتی احکامات کے باوجود جہلم میں مہنگائی پر قابو نہ پایا جا سکا اور گراں فروش دیدہ دلیری کے ساتھ خریداروں کو من مانی قیمتوں پر اشیائے خوردونوش فروخت کرنے لگے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں رمضان المبارک کے مقدس ایام میں سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں جبکہ سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کہیں دکھائی نہیں دیتا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں بلاجواز اضافے پر دکانداروں اور گاہکوں کے درمیان جھگڑوں کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں، مگر انتظامیہ اس صورتحال پر قابو پانے میں بے بس نظر آتی ہے۔ سروے کے دوران متعدد شہریوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے واضح احکامات کے باوجود ضلع بھر میں سستے داموں اشیاء کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جا سکی۔

عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ بڑے منافع خور عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کے بجائے چھوٹے ریڑھی بانوں اور دیہاڑی دار افراد کے خلاف جرمانے اور مقدمات درج کر کے کارروائیوں کی رسمی رپورٹ پیش کی جا رہی ہے، جبکہ اصل ذمہ دار عناصر کھلے عام سرگرم ہیں۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے، سرکاری نرخنامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور گراں فروشی کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

Exit mobile version