امریکی صدر کے سعودی ولی عہد کے متعلق نازیبا الفاظ افسوسناک اور قابل مذمت ہیں، مرکزی علماء کونسل جہلم

جہلم: مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم نے امریکی صدر کی جانب سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے متعلق استعمال کیے گئے نازیبا الفاظ کو افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بیانات عالمِ اسلام کے جذبات کو مجروح کرتے ہیں۔
علماۓ کرام نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ سعودی عرب، پاکستان، ترکی اور مصر خطے میں امن کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ امریکہ اور صیہونی لابی کی جانب سے منفی پروپیگنڈا اس لیے کیا جا رہا ہے کہ سعودی عرب ان کے مفادات کے مطابق استعمال نہیں ہو رہا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ایک زیرک، بہادر اور دور اندیش رہنما ہیں جو عالمِ اسلام کے اتحاد اور امن کے لیے کوشاں ہیں اور اُمت مسلمہ کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
علماء کونسل نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے والے عناصر کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی استحکام، اتحادِ امت اور قومی یکجہتی کے لیے ہر سطح پر کردار ادا کیا جاتا رہے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان خطے میں ایک اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور ایران و امریکہ کے درمیان ثالثی کی کوششیں اس کی کامیاب سفارت کاری کا ثبوت ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ متوازن خارجہ پالیسی اپناتے ہوئے مسلم اُمہ کے اتحاد کو فروغ دیا ہے۔
علماۓ کرام کا کہنا تھا کہ خلیجی کشیدگی کے دوران بھی پاکستان نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا اور سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعلقات کو اپنی سلامتی کا حصہ قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان آئندہ بھی خطے میں امن، استحکام اور اتحادِ بین المسلمین کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔



