وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا جہلم آمد پر شاندار استقبال کیا جائے گا، حافظ اعجاز محمود جنجوعہ

جہلم: پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع جہلم کے صدر حافظ اعجاز محمود جنجوعہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جہلم آمد پر ان کا شاندار اور فقیدالمثال استقبال کیا جائے گا۔ استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں مشین محلہ نمبر 3، پنک بازار سمیت شہر کے مختلف مقامات پر بھرپور انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ضلع جہلم پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مضبوط گڑھ اور ناقابلِ تسخیر سیاسی قلعہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے ضلعی سیکرٹریٹ میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ اعجاز محمود جنجوعہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ضلع جہلم کے لیے اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کیے ہیں، جن کے نتیجے میں ضلع کی چاروں تحصیلوں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ متعدد منصوبے مکمل بھی ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ضلع جہلم سے خصوصی دلچسپی اور ترقیاتی ترجیحات کا واضح ثبوت جہلم تا للہ 128 کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک کی تکمیل، جلالپور کندوال نہر کے منصوبے کا آخری مراحل میں داخل ہونا اور جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادن خان میں ماڈرن بازاروں کا قیام ہے۔ یہ منصوبے ضلع کی ترقی اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

حافظ اعجاز محمود جنجوعہ نے مزید کہا کہ جہلم شہر میں سیوریج اسکیم، کیتھ لیب، مریم نواز اسپورٹس جمنازیم، کالا گجراں اور جہلم میں الطاف پارک، جبکہ جہلم شہر اور جی ٹی روڈ پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب سمیت متعدد اہم منصوبے جاری ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل ضلع جہلم کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوگی اور انہیں تاریخ میں سنہری حروف سے یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنی قیادت کے ہر فیصلے پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس پر لبیک کہے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں جاری ترقیاتی سفر کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پارٹی کارکنان متحد اور پُرعزم ہیں۔

پریس کانفرنس میں سابق چیئرمین بلدیہ مرزا راشد ندیم، خان ظہیر خان، ناصر عنایت، صدر لیبر ونگ خان ذوالفقار خان سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button