ضلع جہلم سے افغان باشندوں کی واپسی کا عمل جاری، 157 افغان باشندے طورخم منتقل

جہلم: ضلع جہلم میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی واپسی کا عمل ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نگرانی میں افغان مہاجرین کو منظم اور باعزت طریقے سے ان کے وطن واپس بھیجا جا رہا ہے۔
گزشتہ شب دو بسیں جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان سے روانہ کی گئیں جن میں 58 افغان باشندے سوار تھے جبکہ دو بسیں جہلم سے روانہ ہوئیں جن میں 99 افغان باشندے شامل تھے۔ ضلع جہلم سے مجموعی طور پر 157 افغان باشندوں کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اٹک کے راستے طورخم بارڈر کی جانب روانہ کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ جہلم کے مطابق تمام بسیں بحفاظت ٹرانزٹ کیمپ طورخم پہنچ چکی ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے بتایا کہ مہاجرین کی واپسی کے عمل کو باعزت، منظم اور محفوظ بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے گئے ہیں۔ واپسی کے دوران تمام افغان باشندوں کو کھانے پینے، طبی معاونت اور آرام دہ سفر کی سہولت فراہم کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی مرحلہ وار واپسی کا عمل جاری رہے گا، اور اس دوران انسانی ہمدردی کے تقاضوں کو بھی پوری طرح مدنظر رکھا جا رہا ہے۔



