جہلم میں قومی انسداد پولیو مہم 3 فروری سے شروع ہوگی، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم: ضلع جہلم میں سال 2025 کی پہلی پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز 3 فروری سے ہوگا، جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کا مقصد ملک کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کرنا اور بچوں کو اس موذی بیماری سے محفوظ رکھنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور پولیو ورکرز کو مختلف ٹیموں میں تقسیم کر دیا گیا ہے تاکہ ہر بچے تک ویکسین پہنچائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران موبائل، فکسڈ اور ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو مختلف مقامات پر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی ذمہ داری ادا کریں گی۔ موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر، تعلیمی اداروں، بستیوں، بھٹوں اور کچی آبادیوں میں بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا کہ فکسڈ ٹیمیں بنیادی و دیہی مراکز صحت اور ہسپتالوں میں تعینات ہوں گی جبکہ ٹرانزٹ ٹیمیں بس اسٹینڈز، مختلف اسٹاپس، اہم چوراہوں اور ریلوے اسٹیشن پر موجود بچوں کو حفاظتی ویکسین پلانے کا قومی فریضہ انجام دیں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پولیو ٹیموں کی مکمل تربیت کر لی گئی ہے اور متعلقہ ادارے مہم کی کامیابی کے لیے پوری طرح متحرک ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ورکرز سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں، تاکہ ملک کو پولیو جیسی خطرناک بیماری سے نجات دلائی جا سکے۔



