اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے نگہبان رمضان بازار کا دورہ

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے نگہبان رمضان بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینا اور تمام ضروری اشیائے خورونوش کی سرکاری نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانا تھا۔

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر جہلم نے مختلف اسٹالز پر آٹا، چینی، گھی، سبزیوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کے معیار اور قیمتوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ تمام اشیاء کی وافر سپلائی ہر صورت برقرار رکھی جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی قلت یا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف نے موقع پر موجود خریداروں سے بھی بات چیت کی اور انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نگہبان رمضان بازاروں میں صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر متعلقہ عملے کو پابند کیا گیا کہ تمام اسٹالز پر ریٹ لسٹیں نمایاں طور پر آویزاں کی جائیں تاکہ شہریوں کو خریداری میں آسانی ہو اور اشیاء کے معیار و قیمت کے حوالے سے کسی قسم کی شکایت پیدا نہ ہو۔

ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران نگہبان رمضان بازاروں کے ذریعے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے مانیٹرنگ کا یہ سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button