مہنگائی سے شہریوں کے ساتھ سبزی و فروٹ فروش بھی پریشان، منڈی سے مہنگی خریداری کے بعد سرکاری نرخوں پر فروخت کرنے کا دباؤ

جہلم: مہنگائی نے جہاں عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، وہیں سبزی اور پھل فروخت کرنے والے دکاندار بھی دوہری مشکلات کا شکار ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں سبزی منڈی میں بولی کے دوران سبزیاں اور پھل مہنگے داموں خریدنا پڑتے ہیں، جبکہ مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے کم قیمتوں پر نرخنامہ جاری کر دیا جاتا ہے۔
دکانداروں کے مطابق منڈی سے مہنگے داموں خریداری کے باوجود انہیں مارکیٹ کمیٹی کے مقرر کردہ نرخوں سے زائد قیمت پر اشیاء فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی، جس کے باعث انہیں شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک طرف بچوں کا پیٹ پالنے اور دکان کے اخراجات پورے کرنے کی ذمہ داری ہے، جبکہ دوسری جانب منڈی سے مہنگی خریداری کے بعد کم نرخوں پر فروخت کرنا ان کے لیے ممکن نہیں رہتا۔
سبزی و فروٹ فروش دکانداروں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ افسران اپنی موجودگی میں سبزی منڈی میں بولی کے عمل کی نگرانی کریں اور خریداری کے اصل نرخوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نرخنامے تیار کیے جائیں، تاکہ دکانداروں کو مناسب قیمت پر اشیاء فروخت کرنے کا موقع مل سکے۔



