جہلم جیل کے قیدیوں کو عیدالاضحٰی پر اہلِ خانہ سے ملاقات کی خصوصی اجازت، مراسلہ جاری

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر جہلم سمیت صوبہ بھر کی جیلوں میں اسیر حوالاتیوں اور نو عمر قیدیوں کو بکرا عید کی خوشی میں اپنے گھر والوں سے ملاقات کی اجازت دے دی گئی ہے۔
اس ضمن میں آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کی جانب سے جیلوں کے سپرنٹنڈنٹ کو مراسلہ بھی ارسال کردیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق قیدی اپنے اہلِ خانہ سے عید کے پہلے 2 دن صبح 9 تا شام 5 بجے تک خصوصی ملاقات کرسکیں گے۔ قیدیوں کو والدین، بہن بھائیوں، بیٹا، بیٹی اور بیوی سے ملاقات کی اجازت ہوگی۔ جیل سپرنٹنڈنٹ اسیران کے لیے رات کے کھانے کا خصوصی اہتمام بھی کریں گے۔
آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نزیر کی جانب سے تمام جیل سپرنٹنڈنٹ کو عید کے موقع پر قیدیوں کی فیملی سے ملاقات کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
عید الاضحیٰ کے پیش نظر خصوصی ملاقات کے انتظامات کے ساتھ ساتھ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے بھی تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ بڑی عید پر وہ فیملیز جو قیدی کے لیے کھانا لا رہی ہے، اسے چیکنگ کے بعد جیل حکام کے سپرد کرایا جا سکتا ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کا کہنا تھا کہ سپرنٹنڈنٹ مخیر حضرات سے قربانی کا گوشت لے کر جیل میں موجود قیدیوں کے لیے کھانے کا انتظام کریں۔
ذرائع کے مطابق عیدالاضحیٰ کے پہلے اور دوسرے دن صرف فیملی کے افراد ہی ملاقات کر سکیں گے، تاہم دوست احباب سمیت دیگر افراد کو اجازت نہیں ہوگی۔



