جہلم میں کبوتر بازی کے شوق کو پر لگ گئے، موسم گرما کی آمد کے ساتھ ہی اڑان مقابلوں کا آغاز

جہلم: موسم گرما کی آمد اور گندم کی کٹائی مکمل ہوتے ہی جہلم سمیت پنجاب بھر کی طرح شہر و گردونواح میں روایتی کبوتر بازی کے مقابلوں کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ شدید گرمی کے باوجود شوقین حضرات نے کبوتروں کی اڑان کے ٹورنامنٹس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جن میں اعلیٰ نسل کے کبوتروں کو میدان میں اتارا جا رہا ہے۔

ان مقابلوں میں حصہ لینے والے کبوتروں کو خصوصی غذا دی جاتی ہے، جن میں بادام، میوہ جات اور توانائی بخش خوراک شامل ہے، جبکہ ان کی دیکھ بھال ماہرین کی نگرانی میں کی جا رہی ہے۔ مقابلے میں شامل کبوتروں کی پرواز، واپسی کے وقت اور سمت کا تعین انتہائی باریکی سے کیا جاتا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں اور مضافات میں جاری پیچن ٹورنامنٹس میں کامیاب کبوتروں کے مالکان کو قیمتی انعامات جیسے کاریں، موٹر سائیکلیں، ایل سی ڈی ٹی ویز، سونے کی جھالریں، گھریلو اشیاء اور نقد رقم دی جا رہی ہے۔ ان مقابلوں میں پنجاب کے دیگر اضلاع سے بھی شوقین افراد کی شرکت دیکھنے میں آ رہی ہے، جو اپنے نایاب نسل کے کبوتر لے کر جہلم کا رخ کرتے ہیں۔

کبوتر پروری سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایک شوق نہیں بلکہ ایک فن ہے جس میں وقت، محنت اور محبت درکار ہوتی ہے۔ ایک شوقین کا کہنا تھا کہ "ہم اپنے کبوتروں کو بچے کی طرح پالتے ہیں، ان کی غذا، تربیت اور پرواز کا خاص خیال رکھتے ہیں تاکہ وہ مقابلے میں بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔”

شہریوں کی بڑی تعداد بھی ان مقابلوں کو دیکھنے کے لیے موجود ہوتی ہے، جس سے یہ روایت نہ صرف زندہ رکھی جا رہی ہے بلکہ مقامی ثقافت اور شوق کی بہترین عکاسی بھی ہو رہی ہے۔

Exit mobile version