جہلم میں معمولی رنجش پر 28 سالہ نوجوان قتل

جہلم میں معمولی رنجش پر 28 سالہ نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ صدر کے علاقے قیصر آباد میں معمولی رنجش پر 28 سالہ نوجوان بلال قریشی کو مبینہ طور پر عبدالمجید نامی شخص نے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق بلال قریشی اور عبدالمجید کے درمیان پرانی رنجش چل رہی تھی۔ مقتول کے لواحقین کا کہنا ہے کہ بلال قریشی گھر سے کسی کام کے لیے نکلا تھا کہ عبدالمجید نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اُس پر فائرنگ کر دی۔
لواحقین کا مزید کہنا ہے کہ عبدالمجید کو اس بات کا رنج تھا کہ بلال قریشی نے اُس کے مخالفین کا ساتھ دیا تھا۔ اسی رنجش کی بنیاد پر بلال کو قتل کی دھمکیاں بھی مل رہی تھیں، جو بالآخر ایک جان لیوا حقیقت بن گئیں۔
اطلاع ملتے ہی تھانہ صدر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔



