جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز؛ 2 اشتہاری مجرمان، 3 غیر قانونی مقیم افغان شہری اور شراب سپلائر گرفتار

جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کرتے ہوئے 2 اشتہاری مجرمان، 3 غیر قانونی مقیم افغان شہری اور شراب سپلائر کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں جہلم پولیس نے مختلف علاقوں میں 14 سرچ آپریشنز کیے، جن کے دوران 422 افراد، 161 گھروں اور 25 ہوٹلز و بس اسٹینڈز کو چیک کیا گیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق سرچ آپریشنز کے دوران تھانہ سٹی، تھانہ کالا گجراں، تھانہ چوٹالہ اور تھانہ پنڈ دادن خان کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے دو اشتہاری مجرمان، غیر قانونی طور پر مقیم تین افغان شہریوں اور شراب سپلائی کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران شراب سپلائی کرنے والے ملزم کے قبضے سے شراب کی 102 بوتلیں بھی برآمد کی گئیں۔

ترجمان جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔

پولیس کے مطابق بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اگر کسی شہری کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی جائے۔

اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور قانون شکن عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی رہے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button