جہلم اور گردونواح میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو پر لگ گئے، انتظامیہ خاموش

جہلم شہر اور گردونواح میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردونواح میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہاہے۔ مختلف علاقوں میں مرغی کا گوشت630 سے 650روپے تک فروخت ہورہاہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پولٹری انتظامیہ نے شادیوں کا سیزن شروع ہونے کے ساتھ ہی مرغی کے گوشت کے نرخوں میں ایک مرتبہ پھر غیر معمولی اضافہ کردیا ہے ، جس کے باعث غریب طبقہ شدید پریشانی میں مبتلا ہے۔ سستی پروٹین بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دی گئی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مرغی کا گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں کے نرخ اور وزن چیک کرنے والی کوئی اتھارٹی موجود نہیں، جس کی وجہ سے دکاندار وں نے من مرضی کے نرخ وصول کرنے کے ساتھ ساتھ ایک کلو گوشت کی بجائے 750 گرام من مرضی کے نرخوں پر فروخت کرنا شروع کر رکھا ہے۔

جہلم شہر کی عوامی، سماجی، رفاعی اور فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ مرغی کے گوشت کے نرخ اور وزن مقرر کرنے کے بعد اس پر عملدرآمد کروایا جائے اور ضلع بھر میں مہنگے داموں کم وزن گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ مرغی کا گوشت غریب سفید پوش طبقہ کی پہنچ میں آ سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button