جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز، 376 افراد کی چیکنگ؛ دو افغان شہری گرفتار

جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کرتے ہوئے 376 افراد کی چیکنگ کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم دو افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کے لیے سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران مختلف مقامات پر 11 سرچ آپریشنز کیے گئے، جن میں 376 افراد، 167 گھروں اور 14 ہوٹلز و بس اسٹینڈز کی چیکنگ کی گئی۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق سرچ آپریشنز کے دوران تھانہ سول لائنز کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم دو افغان شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں رہائشی مکانات، ہوٹلز، بس اسٹینڈز اور دیگر مقامات کی جانچ پڑتال بھی کی تاکہ مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمی میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام اور معاشرے میں امن و امان برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اگر کسی شہری کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو ضروری کوائف کے بغیر رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو وہ فوری طور پر اپنے قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دے۔
ڈی پی او جہلم نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔



