اوور اسپیڈنگ اور اوور لوڈنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، ایس پی موٹروے سید احمد خان

سوہاوہ: سیکٹر کمانڈر نارتھ ٹو سید احمد خان نے موٹروے آفس سوہاوہ کا اچانک دورہ کیا اور افسران سے ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق، گزشتہ روز سیکٹر کمانڈر نارتھ ٹو سید احمد خان نے موٹروے آفس سوہاوہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے موٹروے افسران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے پر مؤثر پٹرولنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ مسافروں کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

سید احمد خان نے مزید کہا کہ اوور اسپیڈنگ اور اوور لوڈنگ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔ انہوں نے افسران اور اہلکاروں کو تاکید کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دیں تاکہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

سیکٹر کمانڈر نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے اور موٹروے پر محفوظ سفر کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

Exit mobile version