سوہاوہ: جہلم پولیس نے لڑائی جھگڑے اور تشدد کے مقدمے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمے میں نامزد ملزم کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف تفتیش مکمل ہونے پر ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا اور اسے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے جہلم پولیس ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔
