جہلم پولیس نے جوئے کی بازی الٹ دی، 8 قمار باز رنگے ہاتھوں گرفتار

جہلم: تھانہ صدر پولیس جہلم نے مظفر ٹاؤن میں قمار بازی کے اڈے پر چھاپہ مار کر 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ صدر مرزا صداقت علی کو مخبر کے ذریعے اطلاع ملی کہ مظفر ٹاؤن میں قمار بازی کا اڈہ چلایا جا رہا ہے۔ اطلاع پر ایس ایچ او نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے اڈے پر چھاپہ مارا اور قمار بازی میں مصروف 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق دورانِ کارروائی ملزمان کے قبضے سے داؤ پر لگی 74 ہزار روپے نقدی، 12 عدد موبائل فونز، 3 موٹر سائیکلیں، ایک گاڑی اور آلاتِ قمار بازی برآمد کیے گئے۔ پولیس نے برآمد ہونے والے سامان کی مجموعی مالیت 78 لاکھ 83 ہزار روپے بتائی ہے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ قمار بازی معاشرتی برائیوں اور جرائم کی جڑ ہے، اس لیے اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون کے مطابق اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

↑
Exit mobile version