جہلم میں شاپنگ بیگز پر پابندی بے اثر، ضلع بھر میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز کا استعمال جاری

جہلم: سنگل یوز پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال، خرید و فروخت پر پابندی کے باوجود جہلم سمیت ضلع بھر میں حکومتی احکامات پر مؤثر عملدرآمد نہ ہوسکا، جس کے باعث ممنوعہ پلاسٹک بیگز کا استعمال بدستور جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے سنگل یوز پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال اور خرید و فروخت پر پابندی عائد کی گئی ہے، تاہم شہریوں کے مطابق جہلم شہر سمیت ضلع کی چاروں تحصیلوں میں ممنوعہ شاپنگ بیگز کے خلاف کارروائیاں مؤثر ثابت نہیں ہو رہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دکانوں اور بازاروں میں پلاسٹک شاپنگ بیگز کا استعمال کھلے عام جاری ہے جبکہ متعلقہ اداروں کی مبینہ عدم توجہی کے باعث حکومتی پابندی محض کاغذی کارروائی بن کر رہ گئی ہے۔
عوامی حلقوں کے مطابق پلاسٹک بیگز نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتے ہیں بلکہ نالوں اور نکاسی آب کے راستوں میں پھنس کر پانی کی روانی میں رکاوٹ پیدا کرتے ہیں، جس سے بارش کے دوران شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کے مسائل مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری ماحولیات اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ سنگل یوز پلاسٹک بیگز پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں سمیت ممنوعہ بیگز کی تیاری، خرید و فروخت اور سرپرستی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔



