انتظامیہ امتحانات کے پُرامن اور بہتر انعقاد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کچہری اور گورنمنٹ ڈگری کالج ٹاہلیانوالہ جہلم میں قائم امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔
انہوں نے امتحانی ہالز اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ امتحانات دینے والے طلبہ و طالبات کے لیے تمام بنیادی سہولیات ہر صورت فراہم کی جائیں۔
ڈی سی جہلم نے کہا کہ امتحانی مراکز پر آنے والے طلبہ کو پینے کا صاف پانی، بجلی کی بلا تعطل فراہمی، مناسب نشستیں اور صاف ستھرے واش رومز میسر ہونا لازمی ہیں تاکہ وہ پر سکون ماحول میں امتحانات دے سکیں۔ انہوں نے پرنسپلز اور انتظامیہ کو تاکید کی کہ امتحانی عمل کو شفاف، منظم اور حکومت و بورڈ کے قواعد و ضوابط کے مطابق یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ امتحانات کے پُرامن اور بہتر انعقاد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے جبکہ امتحانی مراکز کی سیکیورٹی فول پروف بنانے کے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ و طالبات کا مستقبل اولین ترجیح ہے، اس لیے امتحانی ماحول کو ہر لحاظ سے سہل اور شفاف بنایا جائے گا۔



