یوسی جلالپور شریف میں پیدائش سرٹیفکیٹ کے لیے مبینہ 500 روپے فیس وصولی

پنڈدادنخان: جلالپور شریف میں یونین کونسل کے دفتر سے پیدائش کے سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے مبینہ طور پر 500 روپے وصول کیے جانے کے معاملے پر شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ متاثرہ شہری نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے معاملے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

جلالپور شریف کے رہائشی عظمت نواز ولد چوہدری محمد نواز نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ اپنی بیٹی کی نقلِ پیدائش حاصل کرنے کے لیے سیکرٹری یونین کونسل جلالپور شریف عظمت حیات کے پاس گئے، جہاں انہیں بتایا گیا کہ نقلِ پیدائش کے حصول کے لیے 500 روپے سرکاری فیس ادا کرنا ہوگی۔ عظمت نواز کے مطابق انہوں نے مذکورہ رقم ادا کردی۔

متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ بعد ازاں انہوں نے سیکرٹری یونین کونسل سے دریافت کیا کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے بروقت پیدائش و وفات کی رجسٹریشن اور سرٹیفکیٹ کے اجراء کی فیس ختم کیے جانے کی اطلاعات موجود ہیں، تو مبینہ طور پر انہیں بتایا گیا کہ ایسی کوئی بات نہیں۔

عظمت نواز نے کہا کہ اگر حکومتِ پنجاب نے پیدائش و وفات کی بروقت رجسٹریشن اور سرٹیفکیٹ کے اجراء کی فیس صفر (NIL) مقرر کر رکھی ہے تو پھر شہریوں سے سرکاری فیس کے نام پر رقم وصول کرنا تشویشناک امر ہے۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں، سرکاری فیس کے نام پر وصول کی گئی رقم کی وضاحت طلب کی جائے اور اگر شکایت درست ثابت ہو تو ذمہ دار اہلکار کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب موقف جاننے کے لیے جب سیکرٹری یونین کونسل جلالپور شریف عظمت حیات سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ فیس ختم ہونے کی ان کے پاس کوئی باضابطہ اطلاع نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فیس ختم ہونے کی بات درست ہے تو وہ رقم واپس کرنے کے لیے تیار ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری دفاتر میں فیسوں کے حوالے سے واضح معلومات آویزاں کی جائیں تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مالی بوجھ اور ممکنہ بے ضابطگیوں سے محفوظ رکھا جاسکے۔

Exit mobile version