ڈومیلی میں موٹرسائیکل چوری کرنے والا ملزم گرفتار، چوری شدہ موٹرسائیکلیں برآمد

سوہاوہ: ڈومیلی پولیس نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے دو چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور ان کی ٹیم نے موثر کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں مطلوب ملزم کو گرفتار کیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 2 عدد چوری شدہ موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس سے مزید وارداتوں اور ممکنہ ساتھیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ اسے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی اسی عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔

Exit mobile version