دینہ: شہید کانسٹیبل ذیشان علی کی دوسری برسی، پولیس کے چاق و چوبند دستے کی شہید کو سلامی اور فاتحہ خوانی

دینہ: شہید کانسٹیبل ذیشان علی کی دوسری برسی، شہید کی لحد پر پولیس افسران کی حاضری، پولیس کے چاق و چوبند دستے کی شہید کو سلامی اور فاتحہ خوانی کی۔
ڈی ایس پی سٹی عبدالحمید ورک،ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ اور دیگر پولیس افسران نے شہید کی لحد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہید کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔
شہید کانسٹیبل ذیشان علی نے ہمراہ پولیس پارٹی ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ کیا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی جس سے آپ نے جام شہادت نوش کیا۔
اس حوالے سے ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ شہداء پولیس ہمارا وہ اثاثہ ہیں کہ جنہوں نے اپنا خون دیکر ملک و ملت کے باغیچے کی آبیاری کی، شہداء پولیس ہمارے محسن ہیں جو بہادری اور شجاعت کی داستانیں رقم کرتے ہوئے ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس کی لازوال قربانیاں جہلم پولیس اور جہلم کے عوام پر قرض ہیں، شہداء پولیس نے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ ہم ملک و ملت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ شہداء پولیس کی فیملیز ہماری ذمہ داری ہیں ، جنہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، شہداء محکمہ پولیس کا حصہ تھے اور ہمیشہ رہیں گے۔



