سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی میں زیر تعمیر دکان کا لنٹر گرنے سے 4 بچے زخمی ہو گئے، چاروں زخمی بچوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ڈومیلی کے علاقے جھنگ کھوکھراں میں زیر تعمیر دکان کی دوسری منزل کا لنٹر گرنے سے چار بچے شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب یہ بچے دکان کی گراؤنڈ فلور پر موجود تندور کے قریب کھڑے تھے کہ اچانک اوپر سے زیر تعمیر منزل کا ایک حصہ، جس میں لنٹر شامل تھا، نیچے آ گرا اور بچے اس کے ملبے تلے دب گئے۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے بچوں کو ملبے سے نکالا۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ ڈومیلی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمی بچوں کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سنٹر ڈومیلی منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔
زخمی بچوں میں 6 سالہ محمد آفلان ولد ارم شہزاد، 8 سالہ حاشر عبداللہ ولد فرخ شہزاد، 7 سالہ حشام عبداللہ ولد فرخ شہزاد اور 15 سالہ محمد جمال ولد سلمان شامل ہیں۔ 8 سالہ محمد آفلان کی ٹانگ ٹوٹ گئی، جس کے باعث اسے مزید علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس واقعے کے بعد اہل علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں نے زیر تعمیر عمارتوں میں حفاظتی اقدامات کی عدم موجودگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
