پولیس فورس کی ویلفیئر کے لیے ڈی پی او جہلم کا اہم اقدام، ڈاکٹرز ہسپتال کے ساتھ ایم او یو پر دستخط

دینہ/ جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی جانب سے پولیس فورس کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس جہلم اور ڈاکٹرز ہسپتال دینہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے ہیں۔

اس معاہدے کا مقصد پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو معیاری طبی سہولیات رعایتی نرخوں پر فراہم کرنا ہے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت ضلع جہلم پولیس کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین، شہداء کے اہل خانہ اور پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کو مختلف طبی سہولیات پر خصوصی رعایت فراہم کی جائے گی۔

معاہدے کے مطابق الٹراساؤنڈ فیس 1400 روپے سے کم کر کے 1000 روپے مقرر کر دی گئی ہے جبکہ گائناکالوجی چیک اپ اور جنرل او پی ڈی کنسلٹیشن فیس پر 20 فیصد رعایت دی جائے گی۔ اسی طرح سی سیکشن کے اخراجات پر 25 فیصد تک رعایت فراہم کی جائے گی جبکہ لیبارٹری ٹیسٹ اور دیگر تشخیصی سہولیات پر بھی 25 فیصد تک ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا۔

اسی طرح جنرل سرجری اور دیگر آپریشنز کے چارجز پر بھی 25 فیصد تک رعایت فراہم کی جائے گی تاہم ادویات، امپلانٹس اور دیگر کنزیوم ایبل اشیاء اس رعایت میں شامل نہیں ہوں گی۔

معاہدے کے تحت ضلع جہلم پولیس کے اسپیشل بچوں کے لیے بھی ہسپتال انتظامیہ کی پالیسی کے مطابق خصوصی رعایت فراہم کی جائے گی۔ ان سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے لیے متعلقہ اہلکار یا خاندان کو محکمہ پولیس کی جانب سے جاری کردہ سروس، ریٹائرمنٹ یا ڈپینڈنسی کی تصدیق پیش کرنا ہوگی۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ پولیس فورس کی ویلفیئر کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے تاکہ اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Exit mobile version