نہر اپر جہلم میں ڈوبنے والے دینہ کے دونوں نوجوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

دینہ: منگلا لہڑی پارک کے قریب نہر اپر جہلم میں ڈوبنے والے دینہ کے علاقہ بڑل کے دونوں نوجوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، جاں بحق ہونے والا ایک نوجوان 3بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا جبکہ دوسرا نوجوان پٹرول پمپ پر ملازمت کرتا تھا ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دینہ کے نواحی علاقہ بڑل کے رہائشی نوجوان عزیز ولد محمد الفت اور فضل ربی دونوں نوجوان آزادکشمیر کے علاقہ منگلا لہڑی پارک کے قریب نہر اپر جہلم میں نہانے کی غرض سے گئے اور نہانے کے دوران گہرے پانی نے اپنی طرف دبوچ لیا اور دونوں نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122میرپور اور پاوندہ واٹر ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مشترکہ آپریشن کے بعد دونوں نوجوانوں کی لاشوں کو نہر سے نکال لیا گیا۔
جاں بحق ہونے والا ایک نوجوان عزیز الفت 3بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا اور باپ معذور ہے اور رکشہ ڈرائیور ہے جبکہ دوسرا نوجوان فضل ربی پٹرول پمپ میں ملازمت کر کے بچوں کا پیٹ پالتا تھا۔
دونوں نوجوانوں کی میتیں جب گاؤں پہنچی تو کہرام مچ گیا علاقہ کی ہر آنکھ اشکبار تھی۔ آج دونوں نوجوان کی نماز جنازہ ساڑھے 10بجے آبائی گاؤں بڑل میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں علاقہ بھر کی سیاسی ، سماجی ، کاروباری شخصیات کے علاوہ کثیر تعداد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد دونوں نوجوانوں کو سینکڑوں سو گواروں کی آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ۔



