پنڈدادنخان: پولیس نے سوشل میڈیا پر ناجائز اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا جبکہ اس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ للِہ اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاعات اور سوشل میڈیا مانیٹرنگ کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا اور اسے گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے 30 بور پسٹل بمعہ ایمونیشن برآمد کیا گیا ہے۔ ملزم کے خلاف ناجائز اسلحہ رکھنے اور سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے کے الزام میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش نوجوانوں میں منفی رجحانات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ قانون کی خلاف ورزی بھی ہے، جس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ ناجائز اسلحہ رکھنے اور سوشل میڈیا پر اس کی نمائش کرنے والوں کے خلاف جہلم پولیس کا بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی اور ضلع بھر میں امن و امان کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا اسلحہ کی نمائش کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔
