رمضان کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی میں اضافہ، عوام مشکلات کا شکار

جہلم: رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کی وجہ سے متوسط اور غریب طبقے کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
ناجائز منافع خور متحرک ہو چکے ہیں اور مبینہ طور پر اشیائے خورد و نوش فروخت کرنے والی دکانوں پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے، جس کے باعث عوام کے لیے روزمرہ کی بنیادی ضروریات خریدنا مشکل ہو گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ماہِ صیام کے دوران جان بوجھ کر اشیاء کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں جبکہ متعلقہ انتظامیہ صورتحال پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ مارکیٹ میں سبزی، پھل، دودھ، گوشت اور دیگر اشیائے خور و نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جس کی وجہ سے غریب عوام سخت پریشانی کا شکار ہیں۔
شہریوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور قیمتوں کو اعتدال پر لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔



