الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

چکوال: الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام گورنمنٹ محمد علی ایلیمنٹری اسکول محلہ لائن پارک مگھی روڈ تحصیل و ضلع چکوال میں ایک عظیم الشان فری میڈیکل کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔

اتوار کے روز منعقد ہونے والا کیمپ صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک جاری رہا، جس میں بڑی تعداد میں مریضوں نے مفت طبی سہولیات اور ادویات سے فائدہ اٹھایا۔

الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی ذیلی تنظیم ہے، جو اپنی تمام فلاحی و سماجی خدمات شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیر عبدالقدیر اعوان کی نگرانی میں سرانجام دے رہی ہے۔ اس فاؤنڈیشن کی بنیاد شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ حضرت امیر محمد اکرم اعوانؒ نے رکھی جبکہ موجودہ سرپرستی امیر عبدالقدیر اعوان فرما رہے ہیں۔

میڈیکل کیمپ میں ماہر اور مستند ڈاکٹرز کی ٹیم نے خدمات انجام دیں، جن میں میڈیکل اسپیشلسٹ، ماہر امراضِ ہڈی و جوڑ، چائلڈ اسپیشلسٹ، سکن اسپیشلسٹ، آئی اسپیشلسٹ، فزیو تھراپسٹ، شوگر اسپیشلسٹ، ہارٹ اسپیشلسٹ، الٹراساؤنڈ اسپیشلسٹ، نیورو سرجن اور ماہر امراضِ نسواں شامل تھے۔ مریضوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا اور ضرورت کے مطابق مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو چکوال شہاب اسلم نے کیمپ کا خصوصی دورہ کیا اور خدمتِ خلق کے اس عظیم جذبے کو سراہتے ہوئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پیٹرن اِن چیف امیر عبدالقدیر اعوان کی سرپرستی میں جاری اس فلاحی مشن کو قابلِ تحسین قرار دیا، جبکہ اس موقع پر انہیں امیر عبدالقدیر اعوان کی جانب سے شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

صاحبِ مجاز راولپنڈی ڈویژن محمد ارشد نے بھی کیمپ کا دورہ کیا اور بہترین انتظامات پر مسرت کا اظہار کیا۔ کیمپ کا افتتاح عبدالحلیم نقشبندی مہتمم اعلیٰ جامعہ مسجد حیات النبی اور امجد اعوان سیکرٹری نشر و اشاعت الاخوان پاکستان نے کیا۔

تقریب میں معززینِ علاقہ، سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مریضوں نے الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے لیے دعاؤں کا اظہار کیا۔

آخر میں ذمہ داران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان بلا سیاسی و مذہبی تفریق ملک بھر میں خدمتِ انسانیت کا فریضہ جاری رکھے گی اور امیر عبدالقدیر اعوان کی نگرانی میں آئندہ بھی مزید فری میڈیکل کیمپس منعقد کیے جاتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button