پنڈدادنخان: محکمہ صحت نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پنڈدادنخان میں قائم ایک جعلی ڈینٹل کلینک کو بے نقاب کر کے سیل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے نواحی علاقے ٹوبھہ میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر انجم قدیر نے ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مارا، جہاں انکشاف ہوا کہ علی حسن ڈینٹل کلینک بغیر کسی لائسنس اور مستند ڈگری کے چلایا جا رہا تھا۔ کلینک میں غیر قانونی طور پر مریضوں کا علاج کیا جا رہا تھا، جو عوام کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق کارروائی کے دوران تمام شواہد اکٹھے کر کے کلینک کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا جبکہ کیس مزید کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوا دیا گیا ہے۔
حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ صرف مستند اور رجسٹرڈ ڈاکٹرز سے ہی علاج کروائیں تاکہ کسی بھی نقصان سے بچا جا سکے، جبکہ جعلی معالجین کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
