جہلم میں خواتین سمیت 5 افراد کو قتل کرنے والا سیریل کلر پولیس مقابلے میں پار

جہلم/ دینہ: جہلم میں مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، زیر حراست ملزم محمد رحمٰن مانی سیریل کلر پولیس مقابلے میں مارا گیا، ملزم محمد رحمٰن عرف مانی کو برآمدگی کے لئے لے کرجایا جارہا تھا کہ ملزم کو چھڑوانے کے لئے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے تھانہ منگلا پولیس کی حراست میں خطرناک ملزم محمد رحمٰن عرف مانی پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم محمد رحمٰن عرف مانی کو برامدگی کے لئے لے کرجہلم میں کالا گوجراں کے علاقہ حسن آباد لے جایا جارہا تھا کہ ملزم محمد رحمٰن کے ساتھیوں نے اسکو چھڑوانے کے لئے دینہ کے قریب آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں محمد رحمٰن عرف مانی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا، زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کیا گیا جو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزم محمد رحمٰن عرف مانی سیریل کلر تھا اور اب تک تین خواتین سمیت پانچ افراد کو بےدردی سے قتل کرچکا ہے۔ پانچ روز قبل رحمٰن مانی سیریل کلر کے گھر سے خاتون اور مرد کی لاشیں برآمد کی تھیں جو ملزم نے ہتھوڑے کے وار سے قتل کرنے کے بعد اپنے ہی گھر میں دفن کررکھی تھی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی صدر اور ڈی ایس پی سی آئی اے پولیس نفری کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ گئے جبکہ ڈی پی او جہلم نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔
ملزم رحمٰن مانی کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا اور پولیس کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
یاد رہے کہ تھانہ منگلا پولیس نے ملزم محمد رحمٰن مانی کو ایک ہفتہ قبل گرفتار کیا تھا، ملزم نے دینہ کے علاقہ جسروٹہ کے رہائشی اپنے ہی دوست اور ایک خاتون کو قتل کر کے لاشیں گھر میں دفنا دی تھیں۔ ملزم رحمٰن نے چند سال قبل تھانہ جلالپورشریف کے علاقہ سگھر پور میں ماں بیٹی اور جہلم لجپال ہوٹل میں دوران ڈکیتی ایک شخص کو قتل کرچکا ہے، دوہرے قتل کے جرم میں مجرم عبدالرحمٰن کو عمر قید جبکہ ڈکیتی قتل کیس میں سزائے موت ہوئی لیکن ہائی کورٹ نے مجرم کو بری کردیا تھا۔



