پولیس کا اصل مقصد شہریوں کی خدمت، تحفظ اور عزت نفس کا خیال رکھنا ہے، ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ڈی پی او آفس جہلم میں پولیس افسران و اہلکاروں کے لیے مثبت رویوں، عوام دوست پولیسنگ اور شہریوں سے خوش اخلاقی کے فروغ کے حوالے سے خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
ورکشاپ میں سوہاوہ سرکل کی تمام نفری کے علاوہ ڈی ایس پی ٹریفک اور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔
ورکشاپ کے دوران افسران اور اہلکاروں کو پیشہ ورانہ اخلاقیات، بہتر کمیونیکیشن اسکلز اور شہریوں کے مسائل کو مؤثر انداز میں سننے اور حل کرنے کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو عملی مثالوں کے ذریعے بتایا گیا کہ مؤدبانہ گفتگو اور ذمہ دارانہ رویہ کس طرح عوامی اعتماد کے فروغ میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
اس موقع پر واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ تمام شہریوں کو عزت و احترام کے ساتھ “جناب سر” یا “میڈم” کہہ کر مخاطب کیا جائے اور ان کے ساتھ شائستہ، مہذب اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل اپنایا جائے، تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد، ہم آہنگی اور باہمی احترام کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ مثبت رویہ ہی کامیاب پولیسنگ کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا اصل مقصد شہریوں کی خدمت، تحفظ اور ان کی عزتِ نفس کا خیال رکھنا ہے۔ افسران و اہلکار اپنے کردار اور رویے سے ادارے کی بہترین نمائندگی کریں، تاکہ عوام کا اعتماد حاصل ہو اور پولیس کا مثبت تشخص مزید مستحکم ہو۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں خوش اخلاقی، برداشت اور پیشہ ورانہ مہارت کو اولین ترجیح بنائیں گے اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔



