کنٹونمنٹ بورڈ جہلم کی ناقص کارکردگی نے شہریوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا

جہلم: کنٹونمنٹ بورڈ جہلم کی ناقص کارکردگی نے شہریوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ لاکھوں اور کروڑوں روپے ٹیکسز کی مد میں وصول کرنے کے باوجود عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔
کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ کی طرف سے سہولیات کے نام پر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا جا رہا، جس کی وجہ سے معمولی بارش کے دوران کینٹ کی گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں اور جھیل کا منظر پیش کرتی ہیں۔ نکاسی آب کا کوئی مؤثر نظام موجود نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات کئی گنا بڑھ گئی ہیں۔
سماجی اور عوامی حلقوں نے کہا ہے کہ صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے مسائل سنگین صورت اختیار کر چکے ہیں لیکن ادارے کے ذمہ داران کی مسلسل خاموشی سوالیہ نشان ہے۔
عوامی تنظیموں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کی مجموعی کارکردگی کا فوری نوٹس لیا جائے اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ کینٹ اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو ریلیف مل سکے۔



