جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی، 214 گھروں اور 443 افراد کی چیکنگ

جہلم: دہشت گردی، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کا سلسلہ جاری رکھا۔
جہلم پولیس کی جانب سے ضلع بھر کے 14 مختلف مقامات پر سپیشل سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 214 گھروں کی تلاشی لی گئی جبکہ 443 افراد کو چیک کیا گیا۔ سرچ آپریشن کے دوران شہریوں کی پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے ویری فکیشن بھی کی گئی تاکہ مشکوک اور جرائم پیشہ عناصر کی بروقت نشاندہی ممکن بنائی جا سکے۔
اسی سلسلے میں شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سپیشل ناکہ بندی قائم کر کے آنے جانے والے افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان آپریشنز کا مقصد اشتہاری مجرمان، جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کی گرفتاری، ناجائز اسلحہ اور منشیات کی برآمدگی اور شرپسند عناصر کو اپنے مذموم عزائم پر عمل سے باز رکھنا ہے۔
اس حوالے سے طارق عزیز سندھو نے کہا کہ ضلع جہلم میں امن و امان برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور قانون شکن افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے گرد و نواح میں کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ ضلع بھر میں پُرامن ماحول کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔



